اسلام کے تین قلعے | محمد قاسم خواب


دسمبر ۲۰۱۴
میں اِس خواب میں دیکھتا ہوں کہ اسلام کے تین بڑے قلعے ہیں جو اسلام کی حفاظت کر رہے ہوتے ہیں۔ اسلام کی عمارت تیسرے قلعے کے پیچھے ہوتی ہے۔ باقی دو قلعے کچھ فاصلے پرتیسرے قلعے سے آگے ہوتے ہیں۔ یعنی پہلا قلعہ سب سے آگے ہوتا ہے اور دوسرا اُس کے پیچھے اور پِھر تیسرا قلعہ۔ اسلام کی عمارت کے پیچھے اونچے اونچے پہاڑ ہوتے ہیں جو پچھلی طرف سے اس کی حفاظت کر رہے ہوتے ہیں۔ میں خود تیسرے قلعے میں باقی لوگ کے ساتھ ہوتا ہوں۔

اچانک میں کیا دیکھتا ہوں کچھ طاقتور افواج ہیلی کاپٹروں، ٹینکوں، جنگی جہازوں وغیرہ کے ساتھ آتی ہیں اور اسلام کے پہلے قلعے پرحملہ کر دیتی ہیں۔ انھیں قلعے والوں کی طرف سے کچھ خاص مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑتا اور پہلا قلعہ تباہ ہو جاتا ہے۔ پِھر یہ افواج دوسرے قلعے کی جانب بڑھتی ہیں۔ میں یہ دیکھ کر پریشان ہو جاتا ہوں کہ پہلا قلعہ تواپنا دفاع ہی نہ کر سکا اور تباہ ہو گیا۔ میں بھاگ کر اپنے قلعے کے پیچھے جاتا ہوں اور اسلام کی عمارت کو دیکھ کر کہتا ہوں کہ اب تو صرف دو قلعے ہیں جو اِس کی حفاظت کر رہے ہیں۔ میں قلعے میں موجود لوگوں سے کہتا ہوں ’’اُٹھو، تیاری کرو، دشمن فوجیں ہم پہ حملہ کرنے والی ہے‘‘۔ مگر کوئی بھی میری بات نہیں سنتا۔ میں پِھر اُن فوجوں کو دیکھتا ہوں تو وہ دوسرے قلعے پربھی حملہ کرچکی ہوتی ہیں۔ میں دِل میں سوچتا ہوں، شاید دوسرے قلعے والے اپنا دفاع کر لیں مگر وہ بھی تباہ ہو جاتا ہے۔

یہ سب دیکھ کر میں بہت افسُردہ ہوجاتا ہوں اور کہتا ہوں کہ کوئی بھی نہیں ہے جو اِن فوجوں کا مقابلہ کرسکے۔ پِھر وہ فوجیں ہمارے قلعے (یعنی تیسرے قلعے) کی جانب بڑھتی ہیں تو میں کہتا ہوں ’’بس ہم بھی گئے‘‘۔ میں لوگوں سے کہتا ہوں کہ ’’اب ہماری باری آ گئی ہے‘‘۔ تو لوگ کہتے ہیں ’’ہم کیا کر سکتے ہیں؟ ہمارے پاس ہتھیار نہیں ہیں، ہمارے پاس ہے ہی کیا جو اِن سے مقابلہ کریں؟‘‘ وہ لوگ اِدھر اُدھر بھاگنا اور چُھپنا شروع ہو جاتے ہیں۔ میں لوگوں سے کہتا ہوں ’’تم بھاگو یا لڑو دونوں صورتوں میں مارے جاؤ گے‘‘۔

پِھر میں کہتا ہوں ’’اگر میں کچھ نہیں بھی کروں گا تب بھی مارا جاؤں گا اور اگر لڑوں گا تب بھی مارا جاؤں گا۔ بہتر یہی ہے کہ لڑ کر مرا جائے‘‘۔ تو میں قلعے کے مرکزی دروازے کی طرف بڑھنا شروع کر دیتا ہوں۔ میں دل میں سوچتا ہوں کہ میں ایک سیکنڈ بھی اِن فوجوں کے سامنے نہیں ٹِک سکوں گا۔ جب میں قلعے کے دروازے کے قریب پہنچ جاتا ہوں تو میں خوف محسوس کرتا ہوں۔ تو اللہﷻ آسمانوں سے فرماتا ہے ’’قاسم! خوف مت کر، میں تیرے ساتھ ہوں اور بے شک تو ہی غالب رہے گا۔ پھر اللہﷻ کافروں کو مخاطب کر کےفرماتا ہے۔ ’’اے کافرو! تمھارے لیے دنیا میں بھی ذلت اور رسوائی ہے اور آخرت میں بھی تمھارے لیے میں نے بُراعذاب تیار کررکھا ہے‘‘۔ اور ساتھ ہی اللہ میرے کپڑے بدل دیتا ہے۔ میں قلعے کے دروازے کو پکڑ کر کھولنے ہی لگتا ہوں تو یہ خواب ختم ہو جاتا ہے۔

حال ہی میں اللہﷻ نے اِن قلعوں کی حقیقت بھی مجھ پہ عیاں کر دی ہے۔ میرے اِن رحمانی خوابوں کے مطابق اسلام کا پہلا قلعہ ترکی ہے، دوسرا سعودی عرب اور تیسرا پاکستان ہے۔ میں اپنے اِن تمام خوابوں میں دیکھتا ہوں کہ کفار اِن تین قلعوں میں سے دو کو تباہ کر دیتے ہیں۔ ایک خواب جو کہ میں نے دسمبر ۲۰۱۵ میں دیکھا تھا اُس میں حضرت محمدﷺ نے مجھے بتایا کہ پاکستان اسلام کا آخری قلعہ ہے۔

اللہ ﷻ مسلمانوں کی اِس تیسرے اور آخری قلعے میں اپنی غیبی قوتوں اور کالے جنگی جہازوں سے مدد کرتا ہے۔ اور اللہ ﷻ کی مدد سے مسلمان اسلام کے تیسرے اور آخری قلعے پاکستان کا کامیابی سے دفاع کرتے ہیں۔ اور پھر اللہ کی مدد سے مشرق کےیہ مسلمان سچا اسلام پوری دنیا میں پھیلاتے ہیں۔ اور پوری دنیا امن اور انصاف سے بھر جاتی ہے یہاں تک کہ دجال ظاہر ہو جاتا ہے۔ اللہ ﷻ اسلام کےاِن تمام قلعوں کی حفاظت فرمائے (امین)۔

Komentar